نامعلوم افراد نے خواتین کو باندھ کر لوٹ لیا
حیدرآباد ۔ یکم اکتوبر (سیاست نیوز) ترملگیری علاقہ میں پیش آئے ایک رہزنی کی واردات میں نامعلوم رہزنوں نے ایک مکان میں داخل ہوکر دو خواتین کے ہاتھ وپیر باندھ کر مکان سے نقد رقم اور طلائی زیور لوٹ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بیگم پیٹ اے رام ریڈی نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے ملازم شاہنواز کے مکان میں چار نامعلوم رہزن بشمول برقعہ پوش خاتون داخل ہوئے اور ان کی والدہ 70 سالہ اقبال بیگم اور 35 سالہ شمس النساء بیگم سے کرایہ پر مکان حاصل کرنے کے بہانے اندر داخل ہوئے اور انہیں تنہا دیکھ دونوں کے ہاتھوں پیر باندھ دیئے ۔ رہزنوں نے مکان میں موجود ایک لاکھ 60 ہزار نقد رقم ، طلائی زیورات اور دیگر اشیاء لوٹ کر فرار ہوگئے۔ رہزن فرار ہونے کے بعد شاہنواز کو ان کی والدہ اور ماں نے اس واقعہ کے بارے میں بتایا ۔ ترملگیری پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ کر فنگر پرنٹ ماہرین کے ذریعہ شواہد اکھٹا کئے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرلی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ عادی رہزنوں نے یہ واردات انجام دی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔