کراچی میں بم دھماکہ، 10 ملازمین پولیس ہلاک

کراچی 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 10 ملازمین پولیس ہلاک اور 30 سے زیادہ دیگر زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی بس کو نشانہ بناکر پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں حملہ کیا گیا جو شبہ ہے کہ خودکش بم حملہ تھا۔ یہ دھماکہ رزاق آباد پولیس ٹریننگ سنٹر شاہ لطیف کے علاقہ میں اُس وقت کیا گیا جبکہ پولیس کی بس پولیس تربیتی مرکز کے احاطہ سے روانہ ہورہی تھی۔ عینی شاہدین نے نشاندہی کی ہے کہ ایک خودکش بم بردار نے دھماکو مادوں سے بھری ہوئی اپنی گاڑی پولیس کی ویان سے ٹکرا دی تھی جس میں 50 سے زیادہ ارکان عملہ سوار تھے اور جو بلاول ہاؤز پر اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے لئے جارہے تھے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مالیر راؤ انور نے کہاکہ تاہم پولیس اِس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے تاکہ حقائق سے واقفیت حاصل کی جاسکے۔

ابتدائی تفصیلات کے بموجب 10 تا 15 کیلو گرام دھماکو مادہ اِس دھماکہ کیلئے استعمال کیا گیا ہے۔ زخمیوں کو جناح ہاسپٹل اور دیگر مقامی ہسپتالوں کو طبی امداد کے لئے منتقل کیا گیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کی اطلاع کے بموجب 8 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکہ سے شہری بھی زخمی ہوئے ہیں جن کی قطعی تعداد معلوم نہیں ہوسکی۔ نیم فوجی تنظیم رینجرس اور محکمہ پولیس کا عملہ دھماکہ کے مقام پر پہونچ چکا ہے۔ علاقہ کا محاصرہ کرلیا گیا ہے اور تلاشی کی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پولیس اور رینجرس مقام واردات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اِس واقعہ کے شواہد اکٹھے کئے جاسکیں اور حملہ کے ذمہ داروں کا پتہ چلانے کے لئے سراغ حاصل کرسکیں۔