کراچی انتشار کی سمت رواں وزیرداخلہ پاکستان کا بیان

کراچی۔ 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے آج کہا کہ کراچی انتشار کی سمت پیشرفت کررہا ہے کیونکہ عسکریت پسند چن چن کر افراد کو ہلاک کررہے ہیں۔ مرکزی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اشتراک و تعاون کے فقدان کی وجہ سے خاطیوں کے خلاف کارروائی نہیں ہورہی ہے۔ وہ متحدہ قومی موومنٹ کے اس دعویٰ کے بعد کہ پارٹی کارکنوں کو چن چن کر عسکریت پسندوں اور مجرموں کے خلاف کارروائی کی آڑ میں ہلاک کیا جارہا ہے، اس علاقہ کا دورہ کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی صورتحال ایک قومی مسئلہ ہے۔ ایم کیو ایم کے قائدین وزیرداخلہ سے ملاقات کرکے انہیں اپنے کارکنوں کے قتل اور لاپتہ ہونے کے واقعات کی تفصیلات اور ان واقعات پر اپنی تشویش سے واقف کرواچکے ہیں۔ ستمبر 2013ء میں چن چن کر ہلاک کرنے کی کارروائیوں کا آغاز ہوا تھا جبکہ نواز شریف نے اس شہر کا دورہ کرکے وسیع پیمانے پر نسلی اور سیاسی تشدد کا مشاہدہ کیا تھا۔ ان کی پارٹی مسلم لیگ (نواز) مرکز میں برسراقتدار ہے جبکہ صوبہ سندھ پر پاکستان پیپلز پارٹی کا اقتدار ہے۔ وزیرداخلہ ممنوعہ طالبان سے بات چیت کے پرجوش حامی ہیں جو ان ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں۔