کرائسٹ چرچ میں ورلڈ کپ کیلئے ’’فینز زون‘‘کا افتتاح

کرائسٹ چرچ۔12 فبروری(سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ میں کرکٹ پرستاروں کو ٹورنمنٹ کے پرجوش لمحات سے پوری طرح لطف اٹھانے کا موقع ملے گا وہ بھی بالکل مفت ہوگا۔ کرائسٹ چرچ میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں ’’فین زون ‘‘ کا افتتاح کیا جائے گا جہاں کرکٹ شائقین بڑی اسکرین پر میچ دیکھ سکیں گے۔ شہر کے معروف وکٹوریا اسکوائر پر فین زون میں لوگوں کو صبح نو بجے سے رات ساڑھ دس بجے تک داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ میچ والے دن آمد کا وقت صبح 8 بجے سے ہوگا۔ فین زون میں شائقین کیلئے کئی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں کرکٹ کھیلنا، میوزک بینڈز کے مظاہرے ، فلم شو اور کھانے شامل ہیں۔ شائقین اس دوران مقابلوں میں حصہ لے کر انعامات بھی جیت سکیں گے۔ شہر کے میئر کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ پارٹی کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ ورلڈ کپ کے دوران فین زون دوستوں، اہل خانہ اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں سے میل ملاپ کی بہترین جگہ ثابت ہوگی۔ فین زون 23 فروری تک جاری رہے گا۔