کجریوال کے پرائیویٹ سکریٹری سے پولیس کی پوچھ تاچھ

نئی دہلی ۔3 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی پولیس نے آج چیف منسٹر اروند کجریوال کے پرائیویٹ سکریٹری اور پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے ایک جونیئر انجینئر سے فبروری میں چیف سکریٹری انشو پرکاش پر مبینہ حملے کے سلسلے میں پوچھ تاچھ کی ، ایک سینئر پولیس آفیسر نے یہ بات کہی ۔ پولیس کو کجریوال کی سیول لائینس قیامگاہ کے پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ہارڈ ڈسک کی فارنسک رپورٹ گزشتہ ہفتے حاصل ہوئی ۔ اس رپورٹ کے مطابق مبینہ حملے کی رات سی سی ٹی وی کیمروں پر جو ٹائم ظاہر ہورہا ہے وہ حقیقی وقت سے تقریباً 40 منٹ پیچھے کا ہے۔ سینئر پولیس عہدیدار نے کہاکہ اس رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد انھوں نے کجریوال کے پرائیویٹ سکریٹری بی بھاؤ کمار اور پی ڈبلیو ڈی کے ایک جونیر انجینئر کو طلب کیا جو سی سی ٹی وی کیمروں کی دیکھ بھال کا انچارج تھا ۔ اس عہدیدار نے جو جاریہ تحقیقات سے واقف ہے ، کہا کہ فارنسک رپورٹ میں ایسا کچھ تذکرہ نہیں ہے کہ آیا کیمروں سے کچھ چھیڑ چھاڑ کی گئی یا وقت تبدیل کیا گیا جب حملہ پیش آیا ۔ جونیر انجینئر سے ٹائم پیچھے ہوجانے کے تعلق سے سوالات کئے گئے کہ آیا یہ دانستہ ہوا یا سسٹم کی کچھ خامی ہے ۔