کجریوال کا ’بزنس کلاس ‘ میں سفر ، اپوزیشن کی تنقید

نئی دہلی ۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے آج دبئی میں تہنیتی پروگرامس میں شرکت کیلئے ’’بزنس کلاس‘‘ میں سفر کیا جس پر اپوزیشن نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کجریوال کا حقیقی چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے تاہم کجریوال کی مدافعت کرتے ہوئے یہ جاننا چاہا کہ اگر منتظمین ایسی سہولت فراہم کریں تو کیا بزنس کلاس میں سفر کرنا جرم ہے؟ عام آدمی پارٹی سربراہ آج دوپہر دبئی اور نیویارک کے 5 روزہ دورہ پر روانہ ہوئے۔ انہیں دبئی میں ایشیاء کی سماجی تبدیلی لانے والی شخصیت کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انسٹی ٹیوٹ چارٹرڈ اکاونٹنس آف انڈیا، ابوظہبی چاپٹر سے خطاب کریں گے۔ بعدازاں وہ نیویارک روانہ ہوں گے جہاں باوقار کولمبیا یونیورسٹی میں لکچر دیں گے اور پارٹی کے حامیوں سے خطاب کریں گے۔ کجریوال جو سابق سرکاری عہدیدار ہیں ، سادگی کیلئے شہرت رکھتے ہیں۔