نئی دہلی ۔ /27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایسے روز جبکہ الیکشن کمیشن (ای سی )نے انہیں کانگریس اور بی جے پی سے رشوت قبول کرنے لیکن اپنی پارٹی کیلئے ووٹ دینے ووٹروں سے اپیل والے اپنے ریمارکس پر ’’انتباہ‘‘ دیا ، عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال نے یہاں متواتر ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنی باتوں کو حق بجانب قرار دیا ۔ ای سی نے کجریوال کو انتخابی مہم کے دوران آج شام 7 بجے سے اس طرح کے تمام بیانات سے احتراز کرنے کی ہدایت دی ۔نیز یہ کہ اس کے احکام کی مزید کوئی خلاف ورزی سخت کارروائی کو دعوت دے گی ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دو ریالی جو بابرپور اور شاہ دارا میں منعقد ہوئیں ، ان کے دوران کجریوال نے اپنے ریمارکس کی مدافعت کی ۔ یہ ریالیاں شام 7 بجے سے قبل منعقد ہوئیں ۔ عام آدمی پارٹی لیڈر نے اس کے بعد پرتاب گنج ریالی جو 7 بجے شام کے بعد شروع ہوئی اس میں ان ریمارکس کا اعادہ نہیں کیا ۔ کجریوال نے کہا ، ’’رشوت کیا ہے ؟ یہ رقم لینا اور ووٹ دینا ہے ۔ تاہم میں ووٹروں کو ایسا کرنے پر معافی دے رہا ہوں ۔ میں کہتا ہوں کہ ان سے رقم لے لو لیکن ووٹ انہیں نہ دو ۔ بلکہ یہ ووٹ ہمیں دو ‘‘۔ انہوں نے یہی باتوں کا اعادہ کیا جس پر الیکشن کمیشن نے سرزنش کی ۔ انہوں نے کہا کہ جب الیکشن کا وقت ہوتا ہے تو بی جے پی اور کانگریس دونوں طرف کے لوگ رقم کی پیشکش کرتے ہیں اسے قبول کرلو ۔ بعض نے 2G سے رقم لوٹی ہے ، بعض نے کوئلہ اسکام سے رقم حاصل کی ہے ۔ ان دونوں پارٹیوں سے رقم لے لو لیکن ووٹ عام آدمی پارٹی کو دو۔