نئی دہلی ۔ 21 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی حکومت کو یہاں افراتفری کو فروغ دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سابقہ آئی پی ایس آفیسر کرن بیدی نے آج کہا کہ اسے فوری برطرف کردینا چاہئے ۔ ٹیم انا کی ممبر بیدی نے سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر تحریر کیا ، ’’منتخب حکومت جو انارکی پر عمل کرے اور اسے فروغ دے، اس کو کوئی وقت ضائع کئے بغیر صدر جمہوریہ ہند کی جانب سے برطرف کردینا چاہئے !‘‘ انہوں نے چیف منسٹر اروند کجریوال کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا، ’’چیف منسٹر دہلی کہتے ہیں کہ وہ انارکی پسند ہیں۔
انارکی پسند کا لغت میں مطلب ایسے شخص کا ہوتا ہے جو بدنظم ، قانون سے عاری ، غیر قانونی اور منتشر ذہن ہوتا ہے۔ کیا ہم اس طرح کا شخص چاہتے ہیں ؟ ‘‘ بیدی نے کہا کہ انہیں کجریوال سے کوئی عداوت نہیں، لیکن چیف منسٹر کی حیثیت سے ان کے برتاؤ سے وہ متفق نہیں ہیں۔بیدی نے ٹوئیٹر پر تحریر کیا:’’مجھے اے کے (اروند کجریوال) سے کوئی شخصی مسئلہ نہیں جیسا کہ ان کے بعض حامیوں کا الزام ہے ۔ میں ایک چیف منسٹر کی حیثیت سے ان کے غیرقانونی اور بے ڈھنگے برتاؤ پر بے چین ہوں‘‘۔بیدی جنہوں نے کجریوال کے ساتھ کام کیا تھا جب وہ ٹیم انا کے ممبر تھے،انہوں نے حال میں بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کی حمایت کی ہے ۔