کجریوال الیکشن کمیشن کے خلاف اپیل کرینگے

نئی دہلی 29 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بی جے پی اور کانگریس کے خلاف تبصروں سے باز رہنے الیکشن کمیشن کے حکمنامہ کے خلاف اسمبلی انتخابات کے بعد ہائیکورٹ سے رجوع ہونگے ۔ کجریوال نے کہا تھا کہ بی جے پی اور کانگریس رائے دہندوں میں رقم تقسیم کر رہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے خلاف انتخابات کے بعد ہائیکورٹ سے رجوع ہونگے ۔ تاہم فی الحال ہم الیکشن کمیشن کے حکمنامہ کی پوری طرح تعمیل کر رہے ہیں۔ کجریوال مسلسل رائے دہندوں سے کہہ رہے تھے کہ وہ کانگریس اور بی جے پی سے بھلے ہی رقومات حاصل کرلیں لیکن عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیں۔ الیکشن کمیشن نے اس تقریر کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ان سے کہا تھا کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے ریمارکس کرنے سے گریز کریں ۔

انہوں نے اس حکمنامہ کی خلاف ورزی پر سخت ترین کارروائی کی جائیگی ۔ عام آدمی پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ ان کی پارٹی ہائیکورٹ سے رجوع ہوگی کیونکہ اس کا ماننا ہے کہ کجریوال کے ریمارکس کرپشن کے خلاف لڑائی کے ہی مترادف ہیں اور ان کی پارٹی کرپشن کے خلاف جدوجہد کرتی جا رہی ہے ۔ الیکشن کمیشن سے اس سلسلہ میں بی جے پی اور کانگریس دونوں ہی جماعتوں کی جانب سے شکایت کی گئی تھی ۔ الیکشن کمیشن نے اپنے حکمنامہ میں کہا تھا کہ چونکہ دہلی میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اس لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ہر طرح کے بدعنوان عمل اور تقریر سے گریز کرنا چاہئے ۔ الیکشن کمیشن نے 23 جنوری کو ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کجریوال کی سرزنش کی تھی ۔