کاچیگوڑہ اور سلطان بازار میں سرقہ کی دلیرانہ واردات

چاقوؤں کی نوک پر 45 لاکھ روپئے لوٹ لئے گئے، پولیس کی مستعدی بے فیض ثابت
حیدرآباد ۔ 23 اگست (سیاست نیوز) کاچیگوڑہ اور سلطان بازار کے علاقوں میں سارقوں اور رہزنوں نے ہلچل مچادی اور ان مصروف ترین علاقوں میں پولیس کی آنکھ میں دھول جھونک کر چاقو کی نوک پر 45 لاکھ روپئے لوٹ لیا۔ ذرائع کے مطابق کوٹھی کے مصروف علاقہ میں چند نامعلوم افراد نے دلیپ اور شام نامی افراد کے قبضہ سے 45 لاکھ روپئے چھین لئے۔ چاقو کی نوک پر انہیں دھمکا کر یہ کارروائی انجام دی گئی۔ تاہم اس تعلق سے اے سی پی اور انسپکٹر سلطان بازار کچھ بھی کہنے سے قاصر ہیں کہ آیا رہزن کون تھے اور جنہیں لوٹ لیا گیا یہ کون ہیں۔ ان واقعات سے پولیس کی غیر ضروری مستعدی بے فیض ثابت ہورہی ہے۔ اس طرح کہ دوسرے واقعہ میں کاچیگوڑہ چوراہے پر بگ بازار میں سرقہ کیا گیا۔ شاپنگ مال کی تیسری منزل پر واقع الیکٹرانک اشیاء کو لوٹ لیا گیا۔ پولیس کو اس سرقہ میں سابقہ سیکوریٹی گارڈز پر شبہ ہے۔ تاہم کاچیگوڑہ پولیس نے فوری طور پر کلوز ٹیم کو طلب کرلیا تھا۔ بتایا جاتا ہیکہ نامعلوم سارقوں نے 35 سیل فون، 7 کیمرے، 15 لیاپ ٹاپ کے علاوہ دیگر اشیاء کا سرقہ کرلیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔