کاٹے دھن میں سڑک حادثہ بلدیہ کا کنٹراکٹ ملازم ہلاک

حیدرآباد ۔ /29 اگست (سیاست نیوز) کاٹے دھن علاقے میں پیش آئے سڑک حادثہ میں جی ایچ ایم سی کا ایک کنٹراکٹ ملازم ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ رمیش ساکن راجندر نگر جی ایچ ایم سی کا کنٹراکٹ ملازم تھا اور آج صبح کاٹے دھن علاقے میں ڈرینیج کی صفائی کی غرض سے درگا نگر پہونچا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار لاری نے اسے ٹکر دیدی ۔ پولیس میلاردیوپلی نے بتایا کہ اس حادثہ میں رمیش کو گہرا زخم آیا اور وہ برسرموقعہ ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تیز رفتار لاری درگا نگر سے کرنول روڈ کی سمت جارہی تھی اور ڈرائیور انتہائی بے راہ روی سے لاری چلارہا تھا جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ۔ پولیس میلاردیوپلی نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔