کاٹے دھن میں ایک بزنسمین فائرنگ میں زخمی

حیدرآباد /2 مئی ( سیاست نیوز ) شہر کے علاقہ کاٹے دھن میں ایک تاجر پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کئے جانے سے سنسنی پھیل گئی ۔ ضلع کریم نگر سے تعلق رکھنے والا پرساد گذشتہ چند دنوں سے ایل بی نگر علاقہ میں مقیم ہے ۔ پرساد اپنے ایک ساتھی راجندر نگر بنڈلہ گوڑہ کے ساکن منا کے ہمراہ کاٹے دھن ایس بی آئی برانچ کے تحت ’’جیو سنسار ‘‘ کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا ۔ یہ ادارہ ایس بی آئی کے تحت ہے جو بینک کے تحت کھاتہ داروں کی رقم وصولی اور آن لائین منی ٹرانسفر کی خدمات چلائی جارہی تھی ۔ آج شام 3 بجے پرساد ’’ جیو سنسار ‘‘ میں موجود تھا کہ بہاری لہجے میں گفتگو کرنے والا ایک شخص جو ہری ٹی شرٹ میں ملبوس تھا 475 روپئے آن لائین ٹرانسفر کرنے کیلئے کہا ۔ کچھ ہی دیر میں اس شخص نے پرساد پر پستول سے ایک راؤنڈ فائر کردیا ۔ جس کے نتیجہ میں پرساد زخمی ہوگیا ۔ فائرنگ کے بعد بندوق بردار کچھ ہی دیر میں وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ شدید زخمی پرساد اپنے پڑوسی دکاندار کو اس بات کی اطلاع دی۔