بیلگام 2 فبروری ( سیاست ڈآٹ کام ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے فیصلے پر اٹل ہے پارٹی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے آج کہا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش کرن کمار ریڈی اس مسئلہ پر جو چاہیں موقف اختیار کرنے کیلئے آزاد ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی علیحدہ ریاست کے فیصلے پر اٹل ہے اور چیف منسٹر کرن کمار ریڈی اب جو چاہیں فیصلہ کرسکتے ہیں۔ ان سے کہا گیا تھا کہ کرن کمار ریڈی نے تشکیل تلنگانہ پر سیاست سے سبکدوشی اختیار کرلینے کا انتباہ دیا ہے ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی جانب سے کچھ مرکزی وزرا کو کرپٹ قرار دئے جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر کجریوال کے پاس کوئی دستاویزی ثبوت موجود ہے تو انہیں عدالت میں پیش کرنا چاہئے یا پھر معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے نریندر مودی کی جانب سے گجرات کی ترقی کے دعوے کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ۔