کانگریس ۔ لیفٹ اتحاد کی بات مضحکہ خیز : ٹی ایم سی

کولکاتا ، 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس نے مغربی بنگال میں آنے والے اسمبلی الیکشن میں بائیں بازو اور کانگریس کے درمیان اتحاد کے امکان کا آج مضحکہ اُڑاتے ہوئے کہا کہ ’جوت دھرم‘ کی پاسداری کرنا سی پی آئی۔ ایم کی خصلت نہیں ہے۔ اور اگر اس طرح کا کوئی اتحاد ہوبھی جائے تو بنیادی سطح کے کانگریس ورکرز ہمیشہ ترنمول کانگریس کی حمایت کریں گے، ٹی ایم سی سکریٹری۔ جنرل پارتھا چٹرجی نے یہ دعویٰ کیا ہے۔ انھوں نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا کہ اس (سی پی آئی۔ ایم) کا لیفٹ فرنٹ کی شکل میں پہلے سے اتحاد ہے۔ اب کیا ہوگیا ہے، جو انھیں ایک اور اتحاد کی باتوں پر مجبور کررہا ہے؟ وہ بلدی چناؤ کے نمونے کی نقل ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کرنا چاہتے ہیں۔ یہ مضحکہ خیز خیال ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا، ’’اگر آپ اس (سی پی آئی۔ ایم) کا سیاسی وصف دیکھیں تو آپ کو پتہ چلے گا کہ اس نے کبھی جوت دھرم (اتحاد کا قاعدہ) نہیں نبھایا۔ بعض اوقات وہ کانگریس کی تائید کرتے ہیں اور پھر کسی وقت اس سے دستبردار ہوجاتے ہیں۔ صرف بنگال ہی میں وہ بائیں بازو محاذ میں چند چھوٹی پارٹیاں ساتھ رکھتی ہے اور اس نے بے پروائی سے حکمرانی کی ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ اس (سی پی آئی۔ ایم) نے کبھی بھی عوام کو اپنی حقیقی رائے ظاہر کرنے کا موقع نہیں دیا۔