کانگریس کے سینئر لیڈر ایم ایل فوتیدار کا انتقال

نئی دہلی ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سابق وزرائے اعظم آنجہانی اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے قریبی رفیق اور کانگریس کے سینئرق ائد مکھن لال فوتیدار کا آج انتقال ہوگیا۔ کانگریس پارٹی ذرائع نے بتایا کہ آنجہانی دہلی کے نواحی علاقہ گروگرام کے ایک ہاسپٹل میں آخری سانس لی۔ فوتیدار کا تعلق کشمیر سے تھا اور ساست میں ان کے داخلہ کے روح رواں 1950ء کے دہے میں ہندوستان کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لعل نہرو تھے۔ اس طرح فوتیدار نے کانگریس میں بتدریج اپنا موقف انتہائی مضبوط کرلیا اورانہیں پارٹی کا سب سے بارسوخ رکن تصور کیا جانے لگا۔ 1980ء میں آنجہانی اندرا گاندھی نے انہیں اپنا سیاسی سکریٹری مقرر کیا۔ اندرا گاندھی کی موت کے بعد راجیو گاندھی نے بھی فوتیدار کو ہی اپنا سیاسی سکریٹری مقرر کیا جس کا سلسلہ تین سال تک جاری رہا۔