سپول ۔17 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اور بہار کے انچارج راجیش للوٹھیا نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے وجے رتھ کو روکنے کے لئے تمام اپوزیشن پارٹیوں کے متحد ہونے کے لئے کی جا ری کوششوں کے درمیان کہا ہے کہ کانگریس کے بغیر مہاگٹھ بندھن بننا ممکن نہیں ہے ۔للوٹھیا نے کل شام صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ مہاگٹھ بندھن کے لئے کانگریس علاقائی پارٹیوں پر منحصر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک کی بڑی پارٹی ہے لہذا مہاگٹھ بندھن کیلئے علاقائی پارٹیوں کو کانگریس کے ساتھ آنا ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کانگریس کسی مخصوص مذہب کی پارٹی نہیں ہے لیکن اتنا ضرور ہے کہ وہ مسلمانوں کو اہمیت دیتی ہے اور ایسا کرنا گناہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے لوگ میڈیا کے ذریعے کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔کانگریس کے جنرل سکریٹری نے بہار پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی اور جنتا دل متحدہ (جے ڈی یو) کے قومی صدر نتیش کمار کو پہچاننے میں غلطی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کے فرقہ پرست چہرے کی شناخت نہیں کر پائے لہذا مہاگٹھ بندھن سے ناطہ توڑکر وہ جس نظریہ کو ماننے والے رہے ہیں وہ دوبارہ وہیں چلے گئے۔ سیاست کے اگلے موڑ پر ان سے کبھی بھی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔