کانگریس کی گروہ بندی منظرعام پر

پٹنہ ۔ 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار کانگریس میں گروہ بندی آج اس وقت منظرعام پر آگئی جبکہ سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر ایک تقریب منعقد کی جارہی تھی۔ باہم متصادم گروہوں نے اس موقع پر علحدہ علحدہ تقریبات کا اہتمام کیا۔ دونوں گروہوں کے قائدین نے پارٹی کے داخلی پلیٹ فام پر ایک دوسرے پر سخت تنقید کی جبکہ اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اندرا گاندھی کی توہین کا اسی طرح انتقام لیا جاسکتا ہے۔ ایک تقریب کانگریس کے ہیڈکوارٹر صداقت آشرم میں منعقد کی گئی تھی۔ دوسری تقریب کا اہتمام ملر ہائی اسکول کے میدان میں کیا گیا تھا۔ پارٹی کا ایک گروپ صدر بہار پردیش کانگریس کے ضلعی صدور کے تقررات پر برہم ہے۔ ان میں سے چند حال ہی میں نائب صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کرکے صدر پردیش کانگریس کے انداز کارکردگی کی شکایت کرچکے ہیں۔

بہار پردیش کانگریس کے صدر جو سدانند سنگھ کے زیراہتمام منعقدہ تقریب میں شریک تھے، کانگریس ہیڈکوارٹرس صداقت آشرم میں منعقدہ یوم پیدائش تقریب میں شرکت کرنے کے بعد وہ سیدھے اسی تقریب میں آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس تقریب سے خطاب نہیں کریں گے کیونکہ لوگ پہلے ہی سے کافی دیر سے انتظار کررہے ہیں۔ تاہم منتظمین نے کہا کہ صدر بہار پردیش کانگریس کے خطاب پر حاضرین کو خوشی ہوگی۔ سابق گورنر کیرالا نکھل کمار نے کہا کہ ایک پروگرام کا اہتمام کانگریس کی جانب سے طویل مدت کے بعد کیا گیا ہے اور تقریب میں کانگریس کے حامیوں کی کثیر تعداد اس بات کا ثبوت ہیکہ ریاست میں کانگریس سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد وقت کا تقاضہ ہے۔ پارٹی کی شناخت بحال کرنے کیلئے پروگرام کا تعین کیا جانا چاہئے۔ اندرا گاندھی کی زندگی جنہوں نے قوم کے اتحاد کیلئے کام کیا ہے، ہمارے لئے سرچشمہ وجدان ہے۔