کانگریس کی ناکامی سے مسلم خواتین کا نقصان ہوا : نقوی

نئی دہلی 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج کانگریس کو اپنی حکمرانی کے دوران طلاق ثلاثہ کو مجرمانہ فعل قرار دینے والا بِل منظور نہ کرانے پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اِس پارٹی کی ناکامی کے سبب مسلم خواتین کو اپنے حقوق کے لئے پریشان ہونا پڑرہا ہے۔ کانگریس کے خلاف نقوی کے ریمارکس اِس وقت سامنے آئے جب بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت نے آج لوک سبھا میں قانون سازی متعارف کراتے ہوئے تین طلاق کو غیرقانونی اور بے وقعت عمل قرار دیا۔ یہ بِل خاطی شوہر کو 3 سالہ سزائے قید دینے کی گنجائش بھی فراہم کرتا ہے۔ نقوی نے مسلم خواتین (حقوق برائے شادی کا تحفظ) بِل کی پیشکشی کو پارلیمنٹ میں تاریخی دن قرار دیا۔ اُنھوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا والوں کو بتایا کہ یہ بل بہت پہلے منظور ہوجانا چاہئے تھا۔ مسلم خواتین کو کئی دہوں سے اپنے دستوری حقوق کے لئے جدوجہد کرنا پڑا ہے اور اُن کا نقصان ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس جو گزرے دہوں کے زیادہ تر حصے میں برسر اقتدار رہی، اِس بل کو مختلف وجوہات کی بناء منظور نہیں کراسکی۔