نئی دہلی 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی پر جوابی تنقید کرتے ہوئے قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے کہاکہ صدر کانگریس نے دستور بچاؤ ملک گیر مہم کا آغاز کیا ہے لیکن یہ دستور بچانے کی مہم نہیں بلکہ خاندان بچانے کی مہم ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی سے نفرت دراصل ہندوستان سے نفرت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف جسٹس آف انڈیا کے خلاف کانگریس کی سرزنش کی تحریک ہر دستوری ادارہ کو کمزور کرنے اور اِس کی شبیہہ مسخ کرنے کی ایک کوشش ہے جبکہ ہم دستوری اداروں کی اہمیت برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن کانگریس گاندھی خاندان کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ بی جے پی کے صدر نے سی اے جی، الیکشن کمیشن، فوج اور سپریم کورٹ پر مختلف اوقات میں کانگریس کی تنقید کا حوالہ دیا۔