لدھیانہ 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مرکزی وزیر مسٹر منیش تیواری نے آج کہا کہ فرقہ پرست اور فاشسٹ طاقتیں قوم پرستی کے نام پر اپنے سر ابھار رہی ہیں اور انہیں ملک میں اقتدار پر قبضہ کرنے کا موقع نہیں دیا جانا چاہئے ۔ مسٹر تیواری نے یہاں پارٹی ورکرس و قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اتحاد اور سالمیت کا تحفظ کرتے ہوئے قربانیاں دینے کی کانگریس کی تاریخ اور روایت رہی ہے جبکہ دوسری جماعتیں صرف نفرت کی تاریخ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کو ملک کے اقتدار پر قبضہ کرنے کا موقع دینا ملک کے مفاد میں نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کانگریس ورکرس سے کہا کہ وہ فرقہ پرست اور فاشسٹ طاقتوں کے خلاف عوام میں شعور بیدار کریں۔
یہ ادعا کرتے ہوئے کہ پنجاب کا سیاسی ماحول کانگریس کیلئے سازگار ہے لدھیانہ کے رکن پارلیمنٹ نے ادعا کیا کہ عوام اکالی ۔ بی جے پی کے سات سالہ غلط حکمرانی کے دور سے بیزار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکالی دل ۔ بی جے پی اتحاد نے صرف فرضی وعدے کئے ہیں اور حقیقت میں اس نے کچھ بھی نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ اکالی دل سے اپنے کارناموں کے تعلق سے وضاحت طلب کریں ۔ ان سے سوال کیا جائے کہ وہ دعوی کیا کرتے ہیں اور انہوں نے کیا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اکلی دل ۔ بی جے پی اتحاد نے صرف ایک کام کیا ہے اور وہ یہ ہے کہ انہوں نے بے تحاشہ قرضے حاصل کرلئے ہیں اور پنجاب کا دیوالیہ نکال دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کو یہ بھی ذہن نشین رکھنا چاہئے کہ مرکز میں یو پی اے حکومت نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دس سال سے یو پی اے کے اقتدار کی وجہ سے ملک کا نقشہ بل دیا گیا ہے ۔ انہوں نے پارٹی ورکرس سے کہا کہ مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں عوام کو اکالی ۔ بی جے پی اتحاد کے خلاف اپنی ناراضگی کے اظہار کا موقع ملے گا ۔ انہوں نے رائے دہندوں سے کہا کہ کسی بھی جماعت کو ان کا ووٹ ایسے ہی نہیں مل جانا چاہئے ۔ لوک سبھا انتخابات میں پنجاب کی حکومت کو اس کا واضح اشارہ بھی مل جائیگا اور ہوسکتا ہے کہ اس کے بعد وہ عوام کی فلاح و بہبود کی جانب کچھ توجہ دے پائے ۔ انہوں نے سابق وزیر جوگیندر پال پانڈے کو ان کی 99 ویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کانگریس قائدین نے نہ صرف آزادی سے قبل بلکہ آزادی کے بعد بھی قربانیاں دی ہیں۔