کانگریس کو باوقار پی اے سی صدارت ملنے کا اشارہ

نئی دہلی، 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کو باوقار پبلک اکاؤنٹس آف کمیٹی (پی اے سی) کی صدارت حاصل ہوسکتی ہے، لیکن ہنوز ایسی کوئی ضمانت نہیں کہ آیا اسے لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر کا عہدہ حاصل ہوگا۔ حکومت کی طرف سے ایسا کوئی تیقن بھی نہیں کہ آیا راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر کو کلیدی تقررات جیسے لوک پال سے متعلق فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جائے گا، جبکہ کانگریس کو اپوزیشن کے لیڈر کی حیثیت سے مُسلّمہ حیثیت حاصل نہیں ہوئی ہے۔ وزیر پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو آج انٹرویو میں بتایا کہ ’’میں پی اے سی کے بارے میں اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہتا ہوں۔ میں اسے اصل اپوزیشن (کانگریس) کو دینے کے حق میں ہوں‘‘۔ یہ پوچھنے پر کہ کیا ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ کانگریس کو ملے گا ، انہوں نے کہا کہ ’’اپوزیشن میں سے کسے؟مَیں بات چیت کے عمل میں ہوں ، ہم بجٹ سیشن کے دوران کوئی فیصلہ کریں گے۔