کانگریس کو ایک اور شدید صدمہ ، امیدوار بی جے پی میں شامل

نئی دہلی 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک ماہ کے اندر کانگریس کو دوبارہ صدمہ پہونچا جبکہ کانگریس کے امیدوار برائے گوتم بدھ نگر رمیش چند تومر نے مقابلہ سے فرار حاصل کرتے ہوئے حریف سیاسی پارٹی بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی جبکہ اِس حلقہ میں لوک سبھا انتخابات کے لئے صرف ایک ہفتہ باقی ہے۔ وہ دوسرے امیدوار ہیں جنھوں نے ٹکٹ حاصل کرنے کے باوجود کانگریس سے ترک تعلق کرلیا ہے۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں تومر نے کانگریس کے امیدوار کی حیثیت سے اِس علاقہ میں مقابلہ کیا تھا اور ناکام رہے تھے۔ وہ 5 سال سے زیادہ عرصہ کے بعد بی جے پی میں واپس آئے ہیں۔ وہ پڑوسی ضلع غازی آباد سے بی جے پی کے تین مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ صدر بی جے پی راجناتھ سنگھ نے اُن کا استقبال کرتے ہوئے کہاکہ یہ اُن کی گھر واپسی ہے۔