نئی دہلی 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج کانگریس کی جانب سے ضمنی انتخابی منشور کے اجراء پر جس میں پسماندہ مسلمانوں کیلئے تحفظات کا تیقن دیا گیا ہے اسے لمحہ آخر کی ووٹ حاصل کرنے کی مایوسانہ کوشش قراردیا ہے۔ عوام ضمنی انتخابی منشور پر بھروسہ نہیں کریں گے۔ اقلیتوں تک دوبارہ رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کانگریس نے اپنا ضمنی انتخابی منشور ’’اقلیتوں کی با اختیاری‘‘ جاری کرتے ہوئے تیقن دیا ہے کہ پسماندہ مسلمانوں کو دیگر پسماندہ ذاتوں کے موجودہ تحفظات میں 4.5 فیصد کوٹہ دیا جائے گا۔ بی جے پی کے ترجمان پرکاش جاؤدیکر نے ایک پریس کانفرنس میں کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہارنے والے چاند لاکر دینے کا تیقن بھی دے سکتے ہیں لیکن ان کے 10 سالہ دور اقتدار میں عوام کافی مصائب برداشت کرچکے ہیں اس لئے کوئی بھی ان سے بات تک کرنے تیار نہیں۔ یہ ان کی چند ووٹ حاصل کرنے کی آخری مایوسانہ کوشش ہے لیکن وہ تمام محاذوں پر ناکام ہوچکے ہیں۔ ناکام ہونے والے چاند لاکر دینے کا تیقن بھی دے سکتے ہیں لیکن کوئی بھی ان کے تیقن پر بھروسہ نہیں کرتا ۔