کانگریس پر ہندوستان کے ٹکڑے کردینے والی سازش رچانے کا الزام

فوجی جوانوں کی قربانیوں کو فراموش کرنا افسوسناک، آسام میں وزیر فروغ انسانی وسائل کی تقریر
بداپورہ (آسام) 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہ وہ فوجی جوانوں کی قربانیوں کو فراموش کررہی ہے، وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے آج کہاکہ اس پارٹی کا منصوبہ ہندوستان کے ٹکڑے کرنے کا ہے تاکہ وہ اپنے سیاسی مفادات کو حاصل کرسکے۔ سمرتی ایرانی نے یہاں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کے اپنے سیاسی مفادات ہیں اور اس نے سرحد پر جان دینے والے ہندوستانی جوانوں کی قربانیوں کو فراموش کردیا ہے اور اپنے سیاسی مفادات کی پوجا شروع کردی ہے۔ انھوں نے اپنی تقریر میں جس کسی کو تنقید کا نشانہ بنایا اس کا نام نہیں لیا۔ کانگریس پر مزید تنقید کرتے ہوئے سمرتی ایرانی نے کہاکہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جو لوگ اپنے سیاسی مفادات میں مصروف ہیں وہی لوگ ہندوستان کو توڑنا چاہتے ہیں۔ ایسے میں عوام سے یہ پوچھنا چاہتی ہوں کہ آیا کانگریس آپ کے ووٹ حاصل کرنے کی حقدار ہے۔ اگر نہیں ہے تو پھر ہر ایک ہندوستانی سے کہئے کہ وہ انتخابات میں کنول کو کھلانے کا موقع دیں۔ بی جے پی کو کامیاب بنائیں۔

آسام میں نوجوانوں کے ووٹ بینک کو مضبوط کرنے کی کوشش کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ آسام کا نوجوان کام کرنا چاہتا ہے لیکن ان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ انھیں کہا جاتا ہے کہ اگر نوکری چاہتے ہو تو پہلے ٹیبل پر پیسے رکھ دو۔ رشوت دے کر سرکاری ملازمت حاصل کرنے کی عوام میں سکت نہیں ہے۔ اگر نوجوان تجارت کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے انھیں قرض کی ضرورت ہوگی اور یہ قرض ہمارے ٹیکس ہی دیں گے۔ آسام کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کے منصوبوں کو پیش کرتے ہوئے ایرانی نے کہاکہ وزیراعظم نے آسام کی ترقی کے لئے مضبوط پروگرام بنائے ہیں۔ بینکوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نوجوان صنعت کاروں کو قرض جاری کریں۔ اگر نوجوانوں کے پاس صنعتوں کے قیام کا منصوبہ ہے تو انھیں بینکوں سے رجوع ہوجانا چاہئے۔ خود مکتفی بنانے کیلئے بینکوں سے کہہ دیا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ کے بغیر قرض جاری کئے جائیں۔ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے مزید کہاکہ آسام میں کانگریس نے عوام کو 15 سال تک بے وقوف بنایا ہے لہذا عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ بی جے پی اتحاد کو ووٹ دیں۔ مرکزی وزیر نے آسام میں مختلف مقامات پر کثیر جلسہ عام سے خطاب کئے۔