گجرات اسمبلی میں صدر ریاستی بی جے پی کے ریمارک پر ہنگامہ
گاندھی نگر ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) گجرات بی جے پی کے صدرجیتوواگھانی نے ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن جماعت کانگریس سے یہ وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ہیکہ آیا دستوری چوکٹھے کے تحت پاٹی دار (پٹیل) برادری کو تحفظات دینے کیلئے وہ کس طرح تجویز پیش کرسکتی ہے۔ واگھانی نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ ہڑتالی پٹیل برادری کو اکسا رہی ہے۔ ان کے اس ریمارک پر ایوان میں حکمراں اور اپوزیشن ارکان کے مابین طوفان بحث چھڑ گئی اور دونوں کے درمیانی تلخ الفاظ کا تبادلہ عمل میں آیا۔ گورنر او پی کوہلی کے خطبہ پر تحریک تشکر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھاؤنگر کے بی جے پی رکن واگھانی نے کانگریس کو چیلنج کیا کہ وہ ہڑتالی پٹیلوں کو تحفظات کی فراہمی کا دستوری طور پر جائز طریقہ کار بتائے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس محض تحفظات دینے کے غلط وعدوں کے ساتھ مختلف طبقات کو اکسانے کی کوشش کررہی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی فائدوں کیلئے عوام کو اکسانا بہت آسان ہے۔ پٹیل کمیونٹی کیلئے کوئی ایجی ٹیشن چلانے والے ہاردک پٹیل دیڑھ سال تک گجرات کے منظر سے غائب رہنے کے بعد اب دوبارہ سرگرم ہوگئے ہیں۔
فڈنویس کی دہلی میں وزیراعظم سے ملاقات
ممبئی ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس جنہوں نے اپنی ریاست میں حالیہ منعقدہ میونسپل کارپوریشنوں اور ضلع پریشد انتخابات میں بی جے پی کو بے مثال کامیابی دلائی ہے۔ آج نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے مرکزی وزیر جہازرانی نتن گڈکری، وزیرثقافت و سیاحت مہیش شرما اور وزیراغذیہ و شہری رسدات رام ولاس پاسوان اور دوسرں سے بھی انہوں نے ملاقات کی۔