نئی دہلی۔ 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پر تاریخی فائیلوں کو تلف کردینے کے مسئلہ پر ’’غلط معلومات‘‘ پر مبنی غلط فہمیاں پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے حکومت نے کہا کہ یہ فائیلس مہاتما گاندھی کے قتل سے تعلق رکھتی ہیں اور ’’پوری طرح محفوظ‘‘ ہیں۔ مرکزی وزیر پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ملک کے عوام کافی ذہین ہیں اور کانگریس کے کھیل کو سمجھ سکتے ہیں، آج بھی غلط معلومات پر مبنی مہم چلائی جارہی ہے جس کا آغاز 2012ء میں کانگریس دور حکومت میں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چند رہنمایانہ خطوط موجود ہیں جس کے تحت دفتری طریقہ کار پر عمل کیا جاتا ہے۔ اس میں کوئی غلطی نہیں ہے۔ اس کا مہاتما گاندھی کے قتل کی فائیلس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ تمام فائیلس مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ یہ تیقنات اس وقت منظر عام پر آئے جبکہ پارلیمنٹ میں وزارت ِ داخلہ نے ایک تحریری بیان دیا ہے، اس کے باوجود بعض لوگ مضامین تحریر کررہے ہیں۔ یہ حکومت اور بی جے پی کے خلاف غلط معلومات پر مبنی مہم کا ایک حصہ ہے۔