لکھنؤ ۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے فرقہ وارانہ تشدد بل کیلئے اپنی پارٹی کی تائید کا اعلان کرتے ہوئے آج کہا کہ کانگریس کی جانب سے اس بل کو پارلیمنٹ میں معرض التواء رکھنے کی اطلاع پر سخت تکلیف پہنچی ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہیکہ کانگریس نے بی جے پی جیسی فرقہ پرست قوتوں کے دباؤ کے تحت یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کو پارلیمنٹ کے رواں سیشن میں منظور کیا جانا چاہئے۔ ملائم سنگھ یادو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس بل کو معرض التواء رکھے جانے پر ہمیں سخت تکلیف پہنچی ہے۔ ہم اس پر احتجاج و مذمت کرتے ہیں۔ یہ بل فرقہ پرست قوتوں کے دباؤ کے تحت جلد بازی میں معرض التواء رکھ دی گئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے مطالبات پر غور کیا جانا چاہئے
اور اس بل کو پارلیمنٹ کے رواں سیشن میں منظور کیا جانا چاہئے۔ اپوزیشن جماعتوں نے 5 فبروری کو راجیہ سبھا میں انسداد فرقہ وارانہ تشدد بل کی پیشکشی کو روک دیا تھا اور استدلال پیش کیا تھا کہ پارلیمنٹ کو ایسا قانون تیار کرنے اختیار نہیں ہے کیونکہ اس سے وفاقیت کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ بعدازاں نائب صدرنشین پی جے کورین نے ایوان کے مزاج کو ملحوظ رکھتے ہوئے بل کو مؤخر کردیا تھا۔ واضح رہیکہ بی جے پی، سی پی آئی ایم، آل انڈیا انا ڈی ایم کے، ڈی ایم کے اور ایس پی نے اس کی مخالفت کی تھی۔