کانگریس نے ہندو سماج کو تقسیم کرنے کا کام کیا ہے:امیت شاہ

لنگایت طبقہ کو اقلیتی درجہ

دیون گیرے۔27مارچ (سیاست ڈاٹ کام)کرناٹک میں ایک ہی مرحلہ میں 12مئی کو اسمبلی انتخابات کے الیکشن کمیشن کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی صدرامیت شاہ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ان کی پارٹی کانگریس کو بے دخل کرتے ہوئے دوبارہ اقتدار پرقابض ہوگی۔ یہ گزشتہ پانچ برسوں میں کانگریس کے غنڈہ راج کو تبدیل کرتے ہوئے حکمرانی کا راج ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کو برسراقتدار لایا گیا تو بی جے پی موافق کسان اقدامات کرے گی اور کاشتکار طبقہ کی بہبود کے لئے موافق کسان اور کئی پروگراموں کی شروعات کرے گی کیونکہ کسان مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے اپنے سنٹرل کرناٹک کے دورہ کے دوسرے دن میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے لنگایت طبقہ کو اقلیتی درجہ دیتے ہوئے کرناٹک میں ہندو سماج کو تقسیم کرنے کا کام کیا ہے۔عوام کانگریس کے غلط ارادوں کا جواب بیلٹ باکس میں اپنے سخت پیام کے ذریعہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہندو اور سکھ طبقات کو متحد کریں تاہم وزیراعلی سدارامیا چاہتے ہیں کہ وہ انگریزوں کے خطوط پر کرناٹک کے عوام کو تقسیم کیا جائے جنہوں نے مذہبی خطوط پر ملک کو تقسیم کرنے کا کام کیا تھا۔شاہ نے کہا کہ بی جے پی ،جنتا دل ایس یا کسی اور پارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کرے گی بلکہ 224نشستوں پر تنہا مقابلہ کرے گی۔