سپریم کورٹ نے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا : جاؤڈیکر
پاناجی 15 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) رافیل معاملت کی تحقیقات سے سپریم کورٹ کے انکار کے ایک دن بعد مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے آج کانگریس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اس معاملت کی مخالفت کرتے ہوئے ملک کی سکیوریٹی تیاریوں کو سبوتاج کر رہی ہے ۔ کانگریس سربراہ راہول گاندھی کی جانب سے اس معاملت میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ جاوڈیکر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے واضح طور پر کانگریس جھوٹ کو ظاہر کردیا ہے اور اس نے معاملت کو کلین چٹ دیدی ہے ۔ کورٹ کا کہنا ہے کہ اس معاملہ میں کسی تحقیقات کی ضرورت نہیں ہے اس کے باوجود کانگریس کا یہ اصرار ہے کہ معاملت کی جے پی سی کے ذریعہ تحقیقات کروائی جائیں۔ کانگریس مسلسل مطالبہ کر رہی ہے کہ اس معاملت کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعہ تحقیقات کروائی جائیں تبھی اس کے تمام حقائق کو منظر عام پر لایا جاسکتا ہے ۔ سپریم کورٹ کی جانب سے اس معاملت میں ہوئی فیصلہ سازیوں پر اطمینان کا اظہار کئے جانے کے بعد حکومت نے جے پی سی تحقیقات سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی کے تجربات ظاہر کرتے ہیں کہ جے پی سی نے کبھی جانبداری سے بھی کام لیا ہے ۔