نئی دہلی 10 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ وہ ملک کو تقسیم کرتے ہوئے اس پر حکومت کر رہے ہیں ۔ پارٹی نے ٹائم میگزین کے کور کی سرخی کا حوالہ دیا جس نے لکھا کہ ’’ ہندوستان کے ڈوائیڈر ان چیف ‘‘ ۔ اس کے بعد دوسری سرخی تھی ’’ مودی دی ریفارمر ‘‘ ۔ کانگریس کے ترجمان اعلی رندیپ سرجیوالا نے کہا کہ جس طرح سے کانگریس نے ملک سے انگریزوں کا خاتمہ کیا تھا اسی طرح سے مودی کا صفایا بھی کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی تشریح خود پھوٹ ڈالو اور راج کرو کی ہے ۔ جس طرح سے کانگریس پارٹی نے پہلے ملک کو برطانوی سامراج سے نجات دلائی تھی اسی طرح اب وہ مودی سے بھی ملک کو نجات دلائیگی ۔ سرجیوالا نے ایک ٹوئیٹ میں یہ بات کہی جس کے ساتھ انہوں نے ٹائم میگزین کا کور بھی پیش کیا تھا ۔ میگزین نے مودی کو اپنے کور پر پیش کیا ہے اور ایک متنازعہ سرخی لگائی ہے ’’ ہندوستان کے ڈوائیڈر ان چیف ‘‘ ۔ دوسری سرخی میں مودی دی ریفارمر کہا گیا ہے ۔ اس مضمون میں کہا گیا ہے کہ ملک میں اپوزیشن کانگریس کے پاس بھی عوام سے رجوع ہونے کیلئے صرف خاندانی میراث کے سوا کچھ اور نہیں ہے اور وہ رائے دہندوں پر زیادہ اثر انداز نہیں ہو پا رہی ہے ۔ یہ مضمون ٹائم میگزین کے انٹرنیشنل ایڈیشن کے کور پر شائع ہوا ہے اور اسی کی تصویر کو استعمال کرتے ہوئے کانگریس ترجمان نے حکومت اور نریندر مودی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے ۔