بھوپال۔/16مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعلیٰ مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے آج ادعا کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو خود اپنے کانگریسی لیڈروں کے ’’ جارحانہ رویہ ‘‘ کی وجہ سے شکست ہوئی۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریسی لیڈروں کا رویہ اچھا نہیں تھا، وہ ہمیشہ دوسرے لیڈروں پر الزام تراشی ہی کیا کرتے تھے جو عوام کو پسند نہیں آیا۔ جارحیت ان ( کانگریسی لیڈروں ) میں کوٹ کوٹ کر بھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ترقی کے نام پر ووٹ حاصل کئے اور کامیاب ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ وہ زیادہ تفصیلات میں نہیں جانا چاہتے لیکن بادی النظر میں ترقی کا مدعا ہی بی جے پی کی کامیابی کی وجہ بنا حالانکہ اس کے علاوہ کئی اور وجوہات بھی ہیں، ہم نے ایک کامیاب اور خوشحال ہندوستان کا خواب دیکھا تھا جو عنقریب شرمندہ تعبیر ہوگا۔
عام آدمی پارٹی کی راکھی برلا کو شکست
نئی دہلی۔/16مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) ناتھ ویسٹ دہلی سے بی جے پی امیدوار اُدیت راج نے عام آدمی پارٹی کی حریف امیدوار راکھی برلا کو 1.66 لاکھ ووٹوں سے شکست دی۔ اُدیت راج نے انتخابات سے صرف چند ماہ قبل بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہیں 6,29,860 ووٹس ملے جبکہ راکھی برلا کو 5,23,058 ووٹس ملے۔ راکھی برلا منگول پوری سے عام آدمی پارٹی ایم ایل اے ہیں۔