کانگریس قائد فیصل خان کو اعظم خاں کے حامیوں سے جان کا خطرہ، گورنر سے ربط

لکھنؤ /27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جان کے خطرہ کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کانگریس قائد نے جس نے بریلی کے نوجوان کی ضمانت پر رہائی میں مدد کی تھی، جس کو اعظم خاں کے خلاف قابل اعتراض مواد شائع کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا، تحفظ فراہم کرنے کے لئے راج بھون کے دروازے پر دستک دی ہے۔ ضلع رامپور کے کانگریس کے جنرل سکریٹری فیصل خان لالہ نے نوجوان وکی کی ضمانت پر رہائی میں مدد کی تھی، اسی وقت سے انھیں اعظم خاں کے حامیوں کی جو رامپور سے تعلق رکھتے ہیں، برہمی کا سامنا ہے۔ فیصل نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ شہر میں کوئی بھی وکی کی مدد کرنے تیار نہیں تھا، میں نے اس کی رہائی میں مدد کی، اسی وقت سے اعظم خاں کے حامی گروپس میں میری قیامگاہ پر آرہے ہیں، جہاں وہ نعرہ بازی اور بدگوئی کرتے ہیں۔ میرے خاندان کو اور مجھے ان کے حامیوں سے جان کا خطرہ ہے، اس لئے میں نے گورنر رام نائک سے جاریہ ماہ کے اوائل میں ملاقات کرکے ہمیں تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔