چھتیس گڑھ میں کمشنر تعلقات عامہ کے تبادلہ کیلئے الیکشن کمیشن کی ہدایت
نئی دہلی۔ 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے حکومت چھتیس گڑھ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اُس سینئر عہدیدار کا تبادلہ کرے جو مبینہ طور پر اپوزیشن کانگریس لیڈر کے خلاف اسٹنگ آپریشن کرنے کے مقصد سے رقم کی پیشکش کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔ کمیشن نے ریاستی حکومت کے معتمد و کمشنر تعلقات عامہ ایس راجیش ٹپو کا ان کے مبینہ بیانات کے تناظر میں موجودہ عہدہ سے تبادلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان کمیشن نے کہا کہ کمیشن نے اس تاثر کا اظہار کیا ہے کہ اس قسم کے بیانات سے جانبداری کا اظہار ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں ایک سینئر سیول عہدیدار کو اس قسم کی غیرمہذب زبان زیب نہیں دیتی۔ راجیش مبینہ طور پر ایک جرنلسٹ کو یہ کہتے ہوئے ویڈیو ٹیپ میں فلمبند ہوگئے کہ ’’ایسا ویڈیو بنایا جائے جس میں کانگریس ارکان اپنے سینئر لیڈر کو گالی گلوج کرتے ہوئے دیکھے جائیں‘‘۔