کانگریس سے اپوزیشن کو متحد کرنے شردیادو کا مطالبہ اتوار کو راجستھان میں اجلاس طلب

بھوپال ؍ جئے پور ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) لوک تانترک جنتادل کے قائد شرد یادو نے آج کانگریس سے اپیل کی کہ وہ تمام اپوزیشن پارٹیوں کو واحد پلیٹ فام پر لانے کیلئے تاکہ بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کیا جاسکے، پہل کرے۔ وہ ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ملک غیرمعلنہ ایمرجنسی کے دور سے بی جے پی دوراقتدار میں گذر رہا ہے۔ بی جے پی کو شکست دینے کا کام اس وقت تک تکمیل نہیں پا سکتا جب تک کہ اپوزیشن متحد نہ ہوجائے۔ بی جے پی نے گذشتہ عام انتخابات میں صرف 31 فیصد ووٹ حاصل کئے تھے لیکن 69 فیصد ووٹ اپوزیشن پارٹیوں نے حاصل کئے لیکن کیونکہ اپوزیشن متحد نہیں تھا۔ کم تعداد میں ووٹ حاصل کرنے والی بی جے پی برسراقتدار آ گئی۔ شردیادو نے کہا کہ وہ اتوار کے دن جئے پور میں ایک اجلاس طلب کرچکے ہیں اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آئندہ راجستھان اسمبلی کیلئے حکمت عملی کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 5 اگست کو پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ رام ولاس یادو ریاستی صدر پارٹی نے اس کا انکشاف کیا۔