نئی دہلی۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ ’’گبر سنگھ ٹیکس‘‘ اور نوٹ بندی نے کروڑہا نوکریوں کو برباد کیا اور یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کی پارٹی سنگل جی ایس ٹی پر عمل آوری کی پابند عہد ہے۔ انہوں نے کانگریس کے ویژن برائے GST 2.0 کے بارے میں ایک ویڈیو ٹوئیٹ بھی کیا جس میں گڈس اینڈ سرویسس ٹیکس کے موجودہ سسٹم کی وجہ سے چھوٹے تاجرین کو درپیش مسائل کو اجاگر کیا گیا اور بتایا گیا کہ کس طرح پارٹی اس سسٹم کو سادہ بنانا چاہتی ہے۔ راہول نے کہا کہ گبر سنگھ ٹیکس اور نوٹ بندی سے عوام کو غیرمعمولی تکلیف ہوئی اور ہماری معیشت کو بڑا نقصان ہوا۔ کانگریس پارٹی نے جی ایس ٹی 2.0 متعارف کرانے کا عہد کر رکھا ہے جس میں خانہ پری کے امور سادہ ہوں گے۔ راہول نے موجودہ جی ایس ٹی کو بار بار گبر سنگھ ٹیکس کہتے ہوئے طنز کیا ہے۔