نئی دہلی ۔ /23 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کو ملک کی سب سے بڑی فرقہ پرست پارٹی قرار دیتے ہوئے بھارتیہ جنتاپارٹی نے آج کہا کہ یوم یوگا تقاریب کو فرقہ پرستانہ نگاہوں سے دیکھا جارہا ہے اور یہ صرف کانگریس کی ہی ذہنیت ہے ۔ راج پتھ پر 84 ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے اس عالمی یوم یوگا تقاریب میں نہ صرف شرکت کی بلکہ وہاں پر انہوں نے یوگا بھی کیا ۔ اس میںتمام مذاہب کے افراد بھی شریک تھے ۔ مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر نے کانگریس سے استفسار کیا کہ آیا وہ اس یوگا تقریب کو فرقہ وارانہ نظریہ سے دیکھ رہی ہے جبکہ اس میں ہر مذہب کے ماننے والے نے شرکت کی تھی ۔ کانگریس اپنے فرقہ پرستانہ ایجنڈہ کو روبہ عمل لارہی ہے ۔ کانگریس نے پیر کے دن بی جے پی پر تنقید کی تھی کہ وہ انتشار پسندانہ سیاست پر عمل کررہی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے پارٹی کے لیڈر رام مادھو کی جانب سے نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری کے خلاف کئے گئے ریمارک پر اظہار معذرت کیا ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کے قائدین ہندوستان کے سیکولر مزاج کو تار تار کررہے ہیں ۔