برہم اسپیکر سمترا مہاجن نے ادھیررنجن چودھری کی حرکت پر ایوان کا اجلاس ملتوی کردیا
نئی دہلی۔27جولائی( سیاست ڈاٹ کام ) ایک احتجاجی کانگریس رکن نے لوک سبھا میں آج اپنا پلے کارڈ اسپیکر کی میز پر پھینک دیا ۔ اس پر برہم اسپیکر سمترامہاجن نے ایوان کا اجلاس ایک گھنٹہ کیلئے ملتوی کردیا ۔ ادھیر رنجن چودھری نے اپنا پلے کارڈ اُس وقت اسپیکر کی میز پر پھینکا جب کہ دہلی ہائیکورٹ ( ترمیمی ) بل 2015ء پر مباحث جاری تھے ‘ احتجاجی کانگریس ارکان وزیر خارجہ سشما سوراج ‘ چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے اور چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرہ بازی کررہے تھے ۔ وزیر قانون ڈی وی سدانند گوڑا نے غور کیلئے بل پیش کیا ۔ بی جے پی رکن میناکشی لیکی نے اس پر تقریر کی ۔ جب کہ کانگریس ارکان حکومت کے خلاف نعرہ بازی جاری رکھے ہوئے تھے ۔ اسی دوران چودھری اسپیکر کی میز کے قریب ایک اسٹانڈ پر کھڑے ہوگئے اور انہوں نے میز پر پلے کارڈ پھینک دیا ۔ وہ کچھ کہہ رہے تھے لیکن شوروغل کے درمیان کچھ بھی سنائی نہیں دیا اس پر برہم اسپیکر نے اجلاس ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کردیا ۔ دوبارہ اجلاس کا آغاز ہونے پر بی جے پی ارکان چودھری کے رویہ کے خلاف احتجاج کرتے دیکھے گئے ۔ 30سے زیادہ ارکان بشمول کانگریس ‘ بایاں بازو اور ٹی آر ایس ایوان کے وسط میں چیخ رہے تھے اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے ۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کو شہ نشین پر کھڑے ہوتے اور ٹہلتے ہوئے دیکھا گیا ۔ انہیں صدر کانگریس سونیا گاندھی سے بات چیت میں مصروف بھی دیکھا گیا ‘ جب کہ ان کی پارٹی کے ارکان ایوان کے وسط میں جمع ہوکر نعرہ بازی کررہے تھے ۔ ’’ ہمیں انصاف چاہیئے ‘‘ اور پلے کارڈس پھینک رہے تھے ۔