کانگریس راہول کو صدر بنانے کی مخالف نہیں

نئی دہلی ۔ /9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج راہول گاندھی کے آئندہ صدر پارٹی اور سونیا گاندھی کے جانشین بننے کے امکانات کو مسترد نہیں کیا ۔ پارٹی کی ترجمان شوبھا اوزا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی دونوں ہمارے قابل احترام قائدین ہیں ۔ پارٹی کا ایک دستور ہے اور عنقریب تنظیمی انتخابات ہوں گے ۔ چنانچہ تمام امکانات کے راستے کھلے ہیں ۔ ان سے ڈگ وجئے سنگھ کے اس تبصرہ پر ردعمل دریافت کیا گیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کی یہ پختہ رائے ہے کہ راہول گاندھی کو پارٹی کا صدر بن جانا چاہئیے ۔ 68 سالہ سونیا گاندھی مارچ 1989 ء سے کانگریس کی صدر ہیں ۔