کانگریس اور بی جے پی امیدواروں کے اثاثہ جات کا تخمینہ غلط: عام آدمی پارٹی

نئی دہلی۔/25مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے سینئر قائد یوگندر یادو جو گڑگاؤں لوک سبھا حلقہ سے انتخابی میدان میں ہیں، نے آج اپنی حریف جماعتوں کانگریس اور بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ جس وقت وہ پرچہ نامزدگی داخل کررہے ہیں اسوقت حلف نامہ میں اپنی غیر منقولہ اور منقولہ جائیدادوں کا تخمینہ غلط انداز میں پیش کررہے ہیں۔ جس سے یہ باور کروانا ہے کہ ان کے پاس زیادہ دولت نہیں ہے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی امیدوار راؤ اندر جیت سنگھ نے اپنے اثاثہ جات کا تخمینہ صرف 14.1 کروڑ روپئے لگایا ہے جبکہ موجودہ قیمتوں کو مدنظر رکھا جائے تو ان کی یہ غیر منقولہ جائیدادیں 300کروڑ روپئے کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس امیدوار راؤ دھرم پال نے اپنی تمام جائیدادوں کا کوئی خلاصہ نہیں کیا ہے اور صرف اتنا کہا ہے کہ وہ صرف ایک ہندو غیر منقسم خاندان (HUF) کے کرتا دھرتا ہونے کے ناطے اپنے تمام اثاثہ جات کا انکم ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی غیر منقولہ جائیدادوں کا تخمینہ 6.5کروڑ روپئے لگایا ہے۔ اگر یہ بات کسی سے کہی جائے تو وہ ہنسے گا کیونکہ گڑگاؤں میں راو دھرم پال ایک بڑے ڈیولپر کی حیثیت سے مشہور ہیں۔