کانگریس اور این سی پی پر مسلم کوٹہ سیاست کرنے حکومت کا الزام

ممبئی 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کی قانون ساز کونسل میں آج ہنگامے کے مناظر دیکھے گئے جبکہ حکومت نے کانگریس اور این سی پی پر الزام عائد کیاکہ اُنھوں نے تعلیمات میں مسلمانوں کے لئے کوٹہ کے مسئلہ پر سیاست کرنے کی سازش کی ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران قائد اپوزیشن دھننجے منڈے نے الزام عائد کیاکہ حکومت دانستہ طور پر آرڈیننس جاری کرکے تحفظات فراہم کررہی ہے حالانکہ یہ منسوخ ہوچکے ہیں۔ منڈے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے ریاستی وزیر برائے اقلیتی ترقی ایکناتھ کھڑسے نے کہا کہ اپوزیشن اس مسئلہ پر سیاست کررہی ہے اور حکومت مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنے کے مسئلہ کا حل تلاش کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یقینی طور پر مسلمانوں کو تحفظات فراہم کریں گے۔ آپ 50 سال تک اس مسئلہ کو برفدان کی نذر کئے ہوئے تھے اور ہم اس کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جبکہ آپ نے گذشتہ 50 سال سے اسے نظرانداز کیا ہے۔ مسلمان بھی یہ بات جانتے ہیکہ انہوں نے آپ کو بار بار ووٹ دیکر برسراقتدار لایا تھا لیکن آپ نے اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے کچھ نہیں کیا۔