میدک۔/29مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ایم ایل اے و ضلع ترجمان کانگریس مسٹر پی ششی دھر ریڈی نے کہا کہ مجلس بلدیہ میدک کے تمام بلدی حلقوں میں کانگریس مستحکم ہے۔ چیرمین بلدیہ کی نشست پر کانگریس کا قبضہ یقینی ہے۔ مسٹر ششی دھر ریڈی نے بلدی حلقہ 2 کے امیدوار مسٹر میر برکت علی احسان کے انتخابی دفتر سے نکالی گئی انتخابی تشہیری بائیک ریالی میں حصہ لیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس ریالی میں امیدوار مسٹر احسان، سابق ڈائرکٹر ضلع وقف بورڈ جناب علی نواز خان، ڈائرکٹر زرعی مارکٹنگ کمیٹی مسٹر ایم اے خالد، جناب قمر بھائی کے علاوہ کانگریس کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ بائیک ریالی خان کالونی سے ہوتے ہوئے اندرا کالونی، اندرا پوری کالونی اور ملٹری کالونی تک نکالی گئی۔ کارکنوں نے ششی دھر ریڈی زندہ باد ، احسان بھائی زندہ باد کے نعرے لگائے۔