کانسٹیبل کے نوجوان کو مارپیٹ کے ویڈیو پر کارروائی ‘ چارچ میمو جاری

حیدرآباد 29 ستمبر ( پی ٹی آئی ) ایک پولیس کانسٹیبل کی جانب سے ایک کافی شاپ کے ملازم کو مارپیٹ کا ایک ویڈیو وائرل ہوگیا جس کے بعد پولیس حلقوں میں بے چینی پیدا ہوگئی ۔ یہ واقعہ 18 ستمبر کا ہے جس کا سی سی ٹی وی فوٹیج کچھ نیوز چینلس پر دکھایا گیا ۔ اس کے بعد کانسٹیبل رمیش کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی گئی ہے ۔ پولیس کے بموجب ایک ٹیم نے بنجارہ ہلز کی ایک کافی شاپ پر دھاوا کیا کیونکہ وہاں حقہ فراہم کیا جا رہا تھا اور شاپ رات 3 بجے تک کھلی رکھی جا رہی تھی ۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کانسٹیبل کافی شاپ کے ملازم غفار کو بیدردی سے مارپیٹ کر رہا ہے ۔ اس ویڈیو کے چینلس پر دکھائے جانے کے بعد اس واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون نے اس کانسٹیبل کے خلاف چارچ میمو جاری کردیا ہے ۔ انسپکٹر پولیس بنجارہ ہلز کے سرینواس نے یہ بات بتائی ۔