نئی دہلی۔6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقوامی فٹبال اسوسی ایشن (فیفا) کے صدر جیانی انفینٹینو نے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب لکھ کر فیفا انڈر17 ورلڈکپ کی کامیاب میزبانی کے لئے ہندوستان کی ستائش کی ہے ۔فیفا صدر نے وزیراعظم مودی کو لکھے گئے خط میں ہندوستان کی کامیاب میزبانی کی تعریف کی اور کہا کہ فیفا کا وفدہندوستان سے کئی یادگار لمحے اپنے ساتھ لیکر زیورخ روانہ ہوا۔ وفد نے ہندوستان میں اپنے قیام کے دوران دوستی کے نئے سنگ میل حاصل کئے ۔انفینٹینو نے ہندوستانی وزیراعظم کو لکھے گئے شکریہ کے خط میں کہا کہ ہندوستان نے ورلڈکپ کی کامیاب میزبانی کی اور فیفا وفد اس میزبانی سے کافی مطمئن ہے ۔ ہم ٹورنمنٹ کے فائنل اور فیفا کونسل کے اجلاس کے لئے کولکاتا میں اپنے قیام کے دوران کافی خوش ہیں۔ یہ سب کچھ ہمارے لئے واقعی یادگار رہا۔انہوں نے کہا کہ میں آپ کی حکومت کو فیفا انڈر17 ورلڈ کپ کے کامیابی سے انقعاد کرنے کے لئے مبارکباد دیتا ہوں۔ اس کے ساتھ ہی میں منتظمہ کمیٹی ، آپ کی حکومت اور چھ شہروں نئی دہلی، نوی ممبئی، گوا، کوچی، گوہاٹی اور کولکاتا میں اس ٹورنمنٹ کے انعقاد سے وابستہ سبھی افراد کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں جنہوں نے اسے کامیاب اور یادگار بنانے میں سخت محنت کی۔فیفا صدر نے اس کے ساتھ اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ وہ ٹورنمنٹ کی افتتاحی تقریب میں شامل نہ ہوسکے اور مودی سے ذاتی طور پر نہیں مل سکے ۔لیکن انہوں نے خط میں کہا کہ انہیں مستقبل میں مودی سے ملاقات کا انتظار رہے گا تاکہ ہندوستان میں فٹبال کو فروغ دینے کی سمت میں تجاویز کا تبادلہ ہوسکے ۔انفینٹینو نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ میں اپنے پہلے سے طے شدہ پروگراموں کے سبب دلی میں افتتاحی تقریب میں شامل نہیں ہوسکا اور آپ سے راست ملاقات نہیں کرسکا لیکن مجھے یقین ہے کہ میں مستقبل میں آپ سے ضرور ملاقات کروں گا تاکہہندوستان میں فٹبال کو فروغ دیا جاسکے۔