نئی دہلی۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گلاسگو میں منعقدہ حالیہ کامن گیمس میں قابل ستائش مظاہرہ کرنے کے بعد ہندوستان کی خاتون ہاکی ٹیم کامیابی کے عزائم کے ساتھ جنوبی کوریا کے مقام اِنچیان روانہ ہوچکی ہے۔ جنوبی کوریا میں ایشین گیمس کا آغاز 19 ستمبر کو ہورہا ہے اور یہ 4 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ علاوہ ازیں ایشین گیمس کھلاڑیوں اور ٹیموں کیلئے بہترین موقع ہے کہ وہ یہاں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 2016ء ریو اولمپکس میں اپنی رسائی کو یقینی بناسکے۔ ریتو رانی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم نے یہاں میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم کے علاوہ پٹیالہ میں بھی کوچ نیل ہاؤگڈ کی سرپرستی میں کافی سخت محنت کی ہے۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم میں تجربہ کار اور
نوجوان کھلاڑی شامل ہیں جیسا کہ نائب کپتان دیپیکا کو 131 مقابلوں کا تجربہ ہے جبکہ کپتان ریتو رانی کے نام 116 مقابلے درج ہیں۔ پونم رانی نے 118 مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے۔ مذکورہ کھلاڑیوں کے علاوہ ٹیم میں موجود کئی کھلاڑیوں نے گزشتہ ایشین گیمس میں بھی ہندوستان میں نمائندگی کی ہے۔ ہندوستانی ٹیم اپنا افتتاحی مقابلہ 22 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی جس کے بعد 24 ستمبر کو کھیلے جانے والے مقابلے میں چین ان کی حریف ٹیم ہوگی۔ علاوہ ازیں پول اے میں ہندوستانی ٹیم اپنا آخری مقابلہ ملائشیا کے خلاف کھیلے گی۔ اس ضمن میں کپتان ریتو رانی نے کہا ہے کہ ایک ماہ طویل کیمپ کے دوران خامیوں پر قابو پانے کی سخت محنت کی گئی ہے اور خصوصاً پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرنے کی محنت سب سے نمایاں رہی۔کوچ کے بموجب ٹیم کو تیاری کا کافی وقت ملا ہے۔