کامران اور فواد کی واپسی، سرفرازاحمد اور شفیق ٹیم سے خارج

کراچی۔15 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کر کٹ بورڈ نے بنگلہ دیش میں منعقد شدنی ایشیا کپ اور ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیموں کا اعلان کر دیا ہیجس میں بائیں ہاتھ سے بیٹسمین فواد عالم ساڑھے تین سال بعد دوبارہ ونڈے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ان کے علاوہ وکٹ کیپر کامران اکمل کی ٹوئنٹی 20 ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، وہ 8 ماہ بعد ٹیم میں واپس آ ئے ہیںتاہم وکٹ کیپر سر فرا ز احمد کو دونوں طرز کی ٹیموں میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ جبکہ اسد شفیق بھی سلیکٹروںکا اعتماد حاصل کر نے میں ناکام رہے۔ شعیب ملک جو پچھلے سال جنوبی افریقہ کے دورے میں ان فٹ ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے تھے ایک مرتبہ پھر ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ 25 فروری کو شروع ہونے والے ایشیا کپ میں مصباح الحق اور 16 مارچ کو شروع ہونے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں محمد حفیظ قیادت کریں گے۔فواد عالم کی ٹیم میں واپسی کی وجہ اس سال ان کی عمدہ کارکردگی ہے جس میں انھوں نے پریسیڈنٹ کپ میں دو سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 438 رنز اور فرسٹ کلاس میچوں میں بھی دو سنچریوں اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے 658 رنز بنائے ہیں۔کامران اکمل نے آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی جون 2013 میں چیمپئنس ٹرافی میں کی تھی جب کہ اسی سال مارچ میں انھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹوئنٹی 20 میچ کھیلا تھا۔کامران اکمل نے اس سال ونڈے کپ میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری ا سکور کی ہے۔ایشیاء کپ کے لیے ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔مصباح الحق (کپتان)، شرجیل خان، احمد شہزاد، محمد حفیظ، عمراکمل، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، فواد عالم، عمرگل،

جنید خان، سعید اجمل، عبدالر حمان، انور علی، بلاول بھٹی اور محمد طلحہ۔ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ ٹیم میں یہ کھلاڑی شامل ہیں: محمد حفیظ (کپتان)، شرجیل خان، احمد شہزاد، کامران اکمل، عمراکمل، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، عمرگل، جنید خان، شعیب ملک، بلاول بھٹی، سعید اجمل، سہیل تنویر، محمد طلحہ اور ذوالفقار بابر۔ دریں اثناء ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ایک انٹریو میں کہا ہے کہ ونڈے ورلڈ کپ کے لئے ایک سال کے دوران مضبوط ٹیم بنانے کی تیاری کر نی ہوگی،ملک میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے ، ہر کھلاڑی کو ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھاناہوگا اور ایشیا کپ ٹور نمنٹ اور ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ پاکستانی کھلاڑیوں کے لئے ونڈے ورلڈ کپ کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگا۔مصباح نے کہا کہ مجھ سمیت ہر کھلاڑی کی خواہش ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کرے تاہم اس کے لئے ہم سب کو کارکردگی دکھانی ہوگی اور فٹنس بھی ثابت کر ناہوگی۔