کاماریڈی میں محمد علی شبیر کی گرانقدر خدمات

کاماریڈی:23؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی کاماریڈی کے کانگریس امیدوار مسٹر محمد علی شبیر کے حق میں ریاستی صدر مہیلا کانگریس شریمتی آکولہ للیتا نے آج کاماریڈی کے مختلف وارڈوں میں انتخابی مہم چلائی۔ شریمتی آکولہ للیتا نے اس موقع پر مختلف مقامات پر جلسوں سے مخاطب کیا۔ انہوں نے کانگریس امیدوار مسٹر محمد علی شبیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسٹرشبیر علی نے کاماریڈی حلقہ کی ترقی کو ہمیشہ ترجیح دی ہے۔ انہوں نے ہمیشہ کاماریڈی کی عوام کے مسائل کو حل کرنا ہی اولین فریضہ سمجھتے ہوئے کئی ترقیاتی کام انجام دئیے ہیں جن میں کاماریڈی کی عوام کو آبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے جو اقدامات کئے گئے ہیں یہ قابل ستائش ہے اور کاماریڈی کی عوام کو ہمیشہ کیلئے آبی سہولت حاصل ہوئی ہے۔لہذا کانگریس کے امیدوار محمد علی شبیر کو بھاری اکثریت سے منتخب کرنے کی عوام سے خواہش کی اس موقع پر کانگریس امیدوار مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ تلنگانہ کا قیام کانگریس ی دین ہے جبکہ دیگر پارٹیوں نے کانگریس کیخلاف مہم چلاتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاندانی اجارہ داری کے خاتمہ کیلئے کانگریس کو کامیاب بنائیں تاکہ تلنگانہ کی ترقی تیزی کے ساتھ انجام دی جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان قائد و کل ہند کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے اپنے دورہ کے موقع پر تلنگانہ کی ترقی اور یہاں کے عوام کے جذبات و احساسات کے بارے میں تفصیلی وضاحت کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے کی گئی وعدہ خلافی کے بارے میں عوام کو تفصیلی طورپر واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص راہول گاندھی، سونیا گاندھی کے ساتھ وعدہ خلافی کرسکتا ہے وہ شخص تلنگانہ کے ساتھ کیا وفاداری کریگا لہذا اس طرح کی پارٹیوں کو سبق سکھانے کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ 240 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے کاماریڈی کی عوام کو آبی سہولتیں فراہم کی گئی اور آئندہ بھی پرانہیتا چیوڑلہ کے ذریعہ سیراب کے پانی فراہم کیا جائیگا۔ انہوں نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی کئی ترقیاتی کام انجام دئیے گئے اور آئندہ بھی ترقیاتی کاموں کو جاری رکھا جائے گا لہذا کانگریس کو ووٹ دیتے ہوئے بھاری اکثریت سے منتخب کرنے کی عوام سے خواہش کی۔ اس موقع پر اویو جے اے سی کے طلباء و دیگر بھی موجود تھے۔