کالے دھن کو بیرون ملک سے واپس لانے کی کوشش ،مرکزی حکومت کا تیقن

نئی دہلی9 جون (سیاست ڈاٹ کام)کالے دھن کی لعنت سے نمٹنے کے حکومت ہند کے پختہ ارادہ کا اعادہ کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے آج کہا کہ نریندر مودی حکومت بیرونی ممالک سے ربط پیدا کر کے ناجائز ذرائع سے حاصل کی ہوئی دولت جو بیرونی ممالک میں جمع کروائی گئی ہے ملک میںواپس لانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔انہوں نے ریاستوں میں وفاقیت کا جذبہ کم ہوجانے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ آج قومی مسائل پر ریاستوں کی جانب سے اصلاح کی سرگرم کوششیں اور ایک متحدہ ٹیم کے طور پر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ لوک پال کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ لوک پال قانون کرپشن کو کچلنے کیلئے انتہائی اہمیت رکھتا ہے ۔ اس کے تحت قواعد کا تعین کیا جائے گا۔ حکومت نے آج ایک شفاف اور کارکرد انتظامیہ فراہم کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ لوک پال اور لوک ایوکت قانون صرف انتظامیہ کیلئے نہیں بنایاگیا ہے ۔ ریاستوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اگر کسی سرکاری شخصیت پر بدعنوانی کے الزامات عائد کئے جائیں گے تو اس کے خلاف تحقیقات کروائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک پال کے ذریعہ ہی کرپشن کا خاتمہ ممکن ہے ۔