کالے دھن پر ایس آئی ٹی کے قیام کیلئے مرکزی بجٹ میں 8.93کروڑ روپئے مختص

نئی دہلی11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )حکومت نے بجٹ میں کالے دھن کی لعنت کا مقابلہ کرنے کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے قیام کیلئے انفراسٹرکچر اور دیگر ضروریات کی تکمیل کیلئے عام بجٹ میں 8.93کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔ رقم مختص کرنے کا یہ عمل بجٹ 2014-15کا ایک حصہ تھا جو مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کل پیش کیا ۔ وزیر فینانس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ یہ فنڈس قائم کی جانے والی ایس آئی ٹی کی ضروریات کی تکمیل اور انفراسٹرکچر کیلئے خرچ کی جائے گی ۔ اخراجات محکمہ مال کی جانب سے کئے جائیں گے ۔ ایس آئی ٹی کے سربراہ سپریم کورٹ کے سابق جج ایم بی شاہ اور نائب صدر آریجیت پسایت ہیں۔ ایس آئی ٹی کے 11 ارکان ہوں گے جو تحقیقاتی اور نفاذ قانون محکموں کے سربراہ ہوں گے ۔ ایس آئی ٹی کا پہلا اجلاس گذشتہ ماہ منعقد کیا جاچکا ہے ۔