کالوجی نارائن راؤ تلنگانہ کے عوامی شاعر

اوٹکور 11 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کالوجی نارائن راؤ تلنگانہ کے عوامی شاعر تھے۔ انھوں نے نہ صرف تلنگانہ کی زبان میں شاعری کی بلکہ اردو کے بھی بلند پایہ شاعر تھے۔ جناب رؤف حسام الدین صدر مدرس ضلع پریشد ہائی اسکول (زکور) اوٹکور نے یوم تلنگانہ زبان کے موقع پر احاطہ اسکول میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ کالوجی نارائن راؤ عوامی شاعر تھے۔ انھوں نے عوام کے دکھ درد کو صفحہ قرطاس پر لایا۔ تلنگانہ کی زبان کو بڑے فخر سے ادبی دنیا میں پیش کیا۔ جناب رؤف حسام الدین نے بتایا کہ تلنگانہ زبان گنگا جمنی تہذیب کو پیش کرتی ہے۔ اردو کے بہت سارے الفاظ اس زبان میں سموئے گئے ہیں۔ جناب گوپال گوڑ پی آر ٹی یو ریاستی آرگنائزنگ سکریٹری نے کالوجی کے پورٹریٹ پر پھول مالا پیش کئے اور اپنے خطاب میں کہاکہ ہر شخص کو اپنے علاقہ کی زبان سے محبت کرنی چاہئے۔ آندھرا والوں نے تلنگانہ کی زبان سے بہت تعصب برتا لیکن چونکہ یہ عوامی زبان ہے اس لئے آج بھی عوامی احساسات و جذبات سے جڑی ہوئی ہے۔ اجلاس کو سریش راؤ، سبھاش ریڈی، شریمتی رینوکا نے کالوجی نارائن راؤ کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ یوم تلنگانہ زبان کے موقع پر تحریری اور تقریری مقابلے بھی منعقد ہوئے۔ طالبہ حسینہ بیگم نے بزبان تلگو تقریر کرکے سب کو متحیر کیا اور انعام اول حاصل کیا۔ محمد توفیق، نزہت فاطمہ، پون کمار نے بھی انعامات حاصل کئے۔ اس اجلاس میں اساتذہ میں جناب خواجہ معین الدین، جناب سید جلال الدین، وشواناتھ، محمد دستگیر، سکسینہ، محمد امتیاز، سری نواس، جناب جگناتھ راؤ، سیدہ خواجہ بی نے شرکت کی اور مفید مشوروں سے نوازا۔ اس موقع پر مدرسہ ہذا کے طلباء اور دیگر افراد موجود تھے۔