کالا دھن ،مودی نے عوام کو دھوکہ دیا : کانگریس

بھوپال ۔ /15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے کالادھن واپس لانے کے مسئلہ پر عوام کو ’’دھوکہ ‘‘ دیا ہے ۔ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران بلند بانگ دعوے کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی کے اقتدار پر آنے کے بعد کالا دھن واپس لایا جائے گا ۔لیکن اب اقتدار ملنے پر این ڈی اے حکومت کا دعویٰ ٹائیں ٹائیں فش ہوگیاہے ۔ آخر مودی نے کالے دھن کے مسئلہ پر عوام کو دھوکہ کیوں دیا ۔ حکومت کو اس بات کا قطعی علم ہی نہیں ہے کہ بیرونی بنکوں میں کتنی دولت پوشیدہ ہے ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات ہورہے تھے ایک یوگا گرو نے دعویٰ کیا تھا کہ بیرون ملک تقریباً 400 کروڑ روپئے ڈپازٹ کئے گئے ہیں ۔ مودی نے 70 لاکھ کروڑ کی بات کی تھی ۔ اب مودی حکومت اس کالے دھن کی اصل گنتی سے لاعلم ہے ۔ اب حکومت کو یہ وضاحت کرنی چاہئیے کہ آخر انہیں یہ اعداد و شمار کہاں سے ملے تھے ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ اب مودی کو اندازہ ہوگیا ہے کہ کالے دھن کا پتہ چلانا ممکن نہیں ہے تو انہوں نے بھی یو پی اے حکومت کا موقف اختیار کرلیا ہے ۔